ممبئی 6؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )شیوسینا نے کرناٹک کے سرحدی علاقے میں مراٹھی بولنے والی آبادی کی حفاظت کرنے کے لیے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان پر پڑوسی ریاست میں ظلم کیا جا رہا ہے۔شیوسینا لیڈر نیلم گورہے نے کہا کہ کرناٹک کے بیلگاؤں اور دیگر سرحدی علاقوں میں مراٹھی بولنے والی آبادی پر ظلم کیا جا رہا ہے۔سنگھ کو ان کو بچانے کے لیے مداخلت کرنی چاہیے ۔گزشتہ یکم نومبر کو کرناٹک دیوس کے موقع پر بیلگاؤں میں سیاہ دیوس ریلی میں حصہ لینے پر علاقائی تنظیم مہاراشٹر انضمام کمیٹی( ایم ای ایس) کے کارکنوں اور مراٹھی نوجوانوں کو گرفتار کئے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے نیلم نے کہاکہ کرناٹک میں اب جو ہو رہا ہے وہ افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کو کرناٹک میں جو ہو رہا ہے اس کا نوٹس لینا چاہیے اور کانگریس کی حکمرانی والی ریاست میں اپنے ہم منصب سے بات کرنی چاہیے ۔شیوسینا کی رکن اسمبلی نے کہا کہ شیوسینا نے ہمیشہ متحدہ مہاراشٹر کی حمایت کی ہے، ہم وہاں پر مراٹھی لوگوں کے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔ایم ای ایس لیڈروں نے الزام لگایا تھا کہ ان کے کارکنوں کو کرناٹک پولیس پیٹ رہی ہے اور ظلم کر رہی ہے۔ایم ای ایس نے یکم نومبر کو یوم سیاہ منایا تھا۔یکم نومبر کو پورے کرناٹک میں کنڑ ریاستی دیوس منایا گیا تھا۔اسی دن ریاست کی تشکیل ہوئی تھی۔